کورونا وائرس ویکسین کی تیاری میں تیزی، جرمنی، برطانیہ میں بھی انسانی آزمائش کی منظوی






رواں ہفتے کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری میں اس وقت تیزی آئی جب برطانیہ اور جرمنی میں بھی ویکسین کو انسانوں پر آزمانے کی اجازت دے دی گئی۔
خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں ویکسین بنانے کے 150 منصوبوں پر کام جاری ہے تاہم برطانیہ اور جرمنی اب ان پانچ ممالک میں شامل ہو گئے جہاں ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانیہ کی آکسفورڈ یونیوریسٹی میں جمعرات کے روز رضاکاروں کو یہ ویکسین لگائی جائے گی۔
ادھر جرمنی میں بھی بائیونٹیک اور امریکی کمپنی فائزر کے مشترکہ کوشش سے ویکسین کی انسانی آزمائش ممکن ہو سکے گی۔
برطانیہ میں ہونے والی آزمائش میں 18 سے 55 برس کے 510 رضاکار شرکت کریں گے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی میں ریسرچ ڈائریکٹر پروفیسر سارہ گلبرٹ کا کہنا ہے کہ اندازوں کے مطابق ویکسین کی کامیابی کے امکانات 80 فیصد ہیں۔
ادارے کا ستمبر کے اواخر تک 10 لاکھ کے قریب ویکسین تیار کرنے کا ارادہ ہے۔
ادھر جرمنی میں متعلقہ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ انسانی آزمائش کے ذریعے ویکسین کی جلد از جلد ترسیل میں مدد ملے گی۔

Comments